Download Font | Urdu Keyboard | On-Screen Keyboard Back Issues Feedback             Saturday, November 21, 2009, Zil`Haj 03, 1430 A.H
 
  اہم خبریں 
 
نیو یارک، اسلام آباد ( عظیم ایم میاں، ایجنسیاں) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ایک کمیٹی نے پاکستان میں کالعدم تنظیم لشکر طیبہ کے ’رہنما‘ حافظ سعید سمیت چار افراد کے نام دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر دیئے ہیں۔کمیٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کی فلاحی تنظیم جماعت الدّعوة دراصل لشکر طیبہ کا دوسرا نام ہے لہٰذا ان پابندیوں کا اطلاق اس پر بھی ہو گا۔ القاعدہ اور طالبان پر پابندیاں عائد کرنے والی سلامتی کونسل کی اس کمیٹی کے فیصلے کے تحت ان چار افراد کے دنیا بھر میں سفر پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور ان کے بینک اکاونٹ منجمد کر دیئے گئے ہیں۔ یہ افراد اسلحے کی خریداری بھی نہیں کر سکتے۔ سیکورٹی کونسل کے اعلان میں کہاگیا ہے کہ جن چار افراد پر پابندیوں کی منظوری دی گئی ہے ان میں حافظ سعید، ذکی الرحمان لکھوی، حاجی محمد اشرف اور سعودی عرب نژاد بھارتی شہری محمد احمد بہاذق شامل ہیں۔ کمیٹی کے مطابق حافظ سعید کی تاریخ پیدائش پانچ جون انیس سو پچاس ہے اور ان کا پتہ سرگودھا، پنجاب بتایا گیا ہے۔ حافظ محمد سعید کی مختلف عرفیت کا ذکر کیا گیا جن میں محمد سعید، حافظ جی اور حافظ سعید بتائی گئی ہیں اور انہیں لشکر طیبہ کی کارروائیوں کا لیڈر گنوایا گیا ہے۔ ذکی الرحمان لکھوی کی تاریخ پیدائش تیس دسبمر انیس سو ساٹھ اور جائے پیدائش اوکاڑہ، پاکستان بتائی گئی ہے۔ ان کی عرفیت ’چاچا جی‘ اور’ رحمان‘ ہے۔کمیٹی کے مطابق ان کا تعلق ضلع اوکاڑہ اور اسلام آباد کے نواح میں واقع قصبہ بہارہ کہو سے ہے۔ ذکی الرحمان لکھوی کو لشکر طیبہ کے تمام آپریشنز کا انچارج بتایا گیا ہے۔ کمیٹی کی رپورٹ میں حاجی محمد اشرف کو لشکر طیبہ کے مالی امور کا انچارج گنوایا گیا ہے۔ سلامتی کونسل کی جانب سے پابندی عائد کئے جانے کے بعد لاہور کے جوہر ٹاؤن میں جماعت الدّعوة کے امیر حافظ محمد سعید کو تین ماہ کیلئے نظر بند کردیا گیا ہے اور ملک بھر میں جماعت الدّعوة کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے اور کراچی، حیدرآباد، لاہور، اسلام آباد اور آزاد کشمیر سمیت مختلف شہروں میں تنظیم کے دفاتر سیل کرکے اس کے اثاثے منجمد کردیئے گئے ہیں۔ تنظیم کے کئی مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کے نام بھی ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کردیئے گئے ہیں۔ کراچی سے اسٹاف رپورٹر کے مطابق اسٹیٹ بینک نے تمام بینکوں کو جماعت الدّعوة، الرّشید ٹرسٹ اور اختر ٹرسٹ کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ اسٹیٹ بینک کے ترجمان وسیم احمد نے جنگ کو بتایا کہ ان تینوں اداروں کے اکاؤنٹ منجمد کرنے کی ہدایت جمعرات کی شب جاری کی گئی۔ وفاقی حکومت کے احکامات پر کراچی کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے گئے اور جماعت الدّعوة کے دفاتر سیل کردیئے گئے۔ کراچی پولیس کی خصوصی ٹیم نے جمعرات کی شام وفاقی حکومت کی ہدایت پر حسن اسکوائر کے سلمان ٹیرس میں واقع جماعت الدّعوة کے دفتر کو سیل کردیا۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔ جس وقت پولیس نے دفتر سیل کیا اس وقت وہاں کوئی موجود نہیں تھا، سامان غائب تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق پولیس تنظیم کے ذمہ داروں کی نگرانی کر رہی ہے اور انہوں نے قانون کی خلاف ورزی کی تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ پولیس نے کسی بھی شخص کی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی۔ حیدرآباد سے بیورو رپورٹ کے مطابق تنظیم کے 2 دفاتر کو سیل کردیا گیا، دفاتر کے ریکارڈ کو بھی سر بمہر کردیا گیا ہے تاہم کسی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی۔ ڈی پی او حیدرآباد غلام نبی میمن نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جماعت الدّعوة کا قائم کردہ ایک مدرسہ ہٹری تھانہ کی حدود میں کام کر رہا ہے، چونکہ مدارس پر پابندی نہیں لگائی گئی اسلئے مدرسہ کیخلاف کارروائی نہیں کی گئی تاہم اگر یہاں کوئی سرگرمی نظر آئی تو کارروائی کی جائے گی۔ علاوہ ازیں ہالا اور نیو سعید آباد میں بھی تنظیم کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے دفاتر سیل کردیئے گئے ہیں۔ میر پور خاص میں بھی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تنظیم کا دفتر سیل کردیا۔ نواب شاہ سے بیورو رپورٹ کے مطابق شہر میں پولیس نے جماعت الدّعوة کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے تنظیم کے دفاتر سیل کردیئے اور 2 افراد کو حراست میں بھی لے لیا۔ کوئٹہ میں سٹی پولیس نے میزان چوک پر جماعت الدّعوة کے امدادی کیمپ سے تین افراد کو گرفتار کرکے کیمپ اکھاڑ دیا۔ ملتان میں بھی پولیس نے تنظیم کے کارکنوں کی گرفتاری کیلئے آپریشن شروع کردیا، پولیس آپریشن شروع ہونے کی اطلاع ملتے ہی کھالیں جمع کرنے والے تنظیمی کارکن روپوش ہوگئے۔ ڈیرہ غازی خان میں جماعت الدّعوة کے اہم رہنما محمد اجمل ابو بکر عرف ابو ہریرة اور مظہر الحق قاسمی ساتھیوں سمیت روپوش ہوگئے تاہم تنظیم کے کسی دفتر کو سیل نہیں کیا گیا۔ دنیا پور میں سیکیورٹی اہلکاروں نے تنظیم سے روابط کے شبے میں ایک شخص رانا محمد یٰسین کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ وہاڑی میں تنظیم کے کارکن روپوش ہوگئے۔ نامہ نگار کے مطابق وہاڑی اور بورے والا میں تنظیم کے دفاتر پہلے سے ہی سر بمہر ہیں تاہم کھالیں جمع کرنے پر تنظیم کے کیمپ اکھاڑ دیئے گئے۔ راجن پور میں کھالیں جمع کرنے پر تنظیم کے ایک رہنما طالب الرحمن کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ نیو یارک سے نمائندہ جنگ کے مطابق جماعت الدّعوة سمیت جن دیگر تنظیموں پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں پاسبان، اہل حدیث، جمعیت الدّعوة، الامین ٹرسٹ، المدینہ ٹرسٹ، پاکستان ریلیف فاؤنڈیشن، عظمت پاکستان ٹرسٹ وغیرہ بھی شامل ہیں۔ سلامتی کونسل کے اس اچانک اقدام سے اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر حسین عبداللہ ہارون اور دیگر سفارتی عملہ بھی بے خبر تھا، ان تک یہ اطلاع پاکستانی صحافیوں کے ذریعے پہنچی۔ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے حسین ہارون نے کہا کہ وہ سلامتی کونسل کی کمیٹی کے فیصلے سے لاعلم تھے، کمیٹی نے انہیں اس طرح کے امور کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی۔ سفیر موصوف کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کے اس فیصلے پر عمل کرنا پاکستان کیلئے لازمی ہے۔ تنظیم کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے جماعت الدّعوة کراچی کے امیر نوید قمر نے کہا ہے کہ جماعت الدّعوة ایک معروف رفاہی تنظیم ہے جو دہشت گردی اور خفیہ سرگرمیوں پر یقین نہیں رکھتی۔ جاری کردہ بیان کے مطابق انجنیئر نوید قمر نے کہا کہ بھارتی پروپگینڈے کی بنیاد پر سلامتی کونسل کی جانب سے کیا جانے والا یہ فیصلہ نا انصافی پر مبنی ہے، پابندیوں کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائیگا، حکومت بزدلی اور کمزوری کا مظاہرہ کرنے کی بجائے جرأت کا مظاہرہ کرے، پاکستانی عوام حکومت کے ساتھ ہیں۔ اے پی پی کے مطابق جماعت الدّعوة کے امیر حافظ سعید نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کا فیصلہ جلد بازی پر مبنی اور بھارتی پروپگینڈے کا اثر ہے، پابندیوں کیخلاف عالمی عدالت میں جائیں گے، ہم بیواؤں اور یتیموں کی کفالت کر رہے ہیں، پابندی عائد ہونے کی صورت میں یہ سب متاثر ہونگے، بھارت اور امریکا کے پاس کوئی ثبوت ہے تو پیش کرے، ہم دنیا کی کسی بھی عدالت میں خود کو بے گناہ ثابت کرنے کو تیار ہیں۔  
Print Version


 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
آج کا اخبار 
تازہ ترین 
اہم خبریں
ملک بھر سے
شہر قائد/ شہر کی آواز
سندھ بھر سے
دنیا بھر سے
امریکا سے
یورپ سے
ادارتی صفحہ
اسپورٹس
بزنس
مراسلات
دل لگی
تعلیم صحت خواتین
کارٹون 
 
   Jang Online    |    TheNews    |    Jang Multimedia   |    Download Font    |    Keyboard Instructions    |    Back Issues    |    RSS    |Feedback