| لاڑکانہ(بیورورپورٹ) وزیراعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو پوری قیادت،قوم اور افواج ملک کا دفاع کرنا جانتی ہے،انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری جنوبی ایشیا میں کشیدگی ختم کرائے۔انہوں نے کہا کہ سرحدوں کی حفاظت کیلئے چوکس ہیں اور فوج کو عوام سمیت سیاسی جماعتوں کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہاکہ صرف محترمہ بینظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات کیلئے اقوام متحدہ سے رجوع کیا گیا ہے اور اس پر ملک کی تمام سیاسی قوتیں اور صوبائی حکومتیں متفق ہیں۔ہم اس قتل کی تحقیقات اس لئے نہیں کرنا چاہتے کہ متاثرہ فریق ہونے کی وجہ سے ہم پر جانبداری کا الزام لگ سکتاہے۔گڑھی خدابخش بھٹو میں محترمہ بینظیربھٹو کے مزار پر فاتحہ خوانی کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان اور بھارت سے اچھے تعلقات رکھنا چاہتا ہے۔ محترمہ بینظیر بھٹو شہید مفاہمت پر یقین رکھتی تھیں اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اٹھارہ فروری کے انتخابات کے بعد اسی پرعمل کیا اور تمام سیاسی اور جمہوری قوتوں کو ساتھ لے کر حکومت قائم کی۔ہم پنجاب سمیت پورے ملک میں نظام کو مستحکم کرنا اور اسے بچانا چاہتے ہیں اور سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں تاہم پنجاب میں اگر کوئی غلط فہمی ہوگئی تو ہم پارٹی کو ہدایت کریں گے کہ وہ اس طرح کا ماحول پیدا نہ کریں جس سے سسٹم عدم استحکام کا شکار ہو۔ |
|