کراچی (اسٹاف رپورٹر) صنفی امتیاز کا خاتمہ کرکے ہی ہم معاشرے میں خواتین کو ان کے جائز حقوق دے سکتے ہیں۔ خواتین کو مساوی مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ ملک کی ترقی و استحکام کے لیے موٴثر انداز سے اپنا کردار ادا کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ترقی ٴ نسواں توقیر فاطمہ بھٹو نے محکمہ ترقی ٴ نسواں کے اشتراک سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر ترقی ٴ نسواں نے کہا کہ موجودہ جمہوری حکومت شہید بے نظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے ایسے عملی اقدامات کر رہی ہے جس سے خواتین کو معاشرے میں اسلام کے مطابق جائز حقوق حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں خواتین کے حقوق اور ان کے تحفظ کے لیے ایک منصوبہ شروع کیا ہے جس کے تحت دیہی و شہری علاقوں میں خواتین کے ساتھ ہونے والے ظلم و تشدد کی فوری روک تھام اور ان کو قانونی تحفظ فراہم کیا جائیگا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ ترقی ٴ نسواں نے خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی این جی اوز سے سفارشات جمع کی ہیں جن کو مدنظر رکھتے ہوئے موجودہ قوانین میں ترمیم کی جائے گی۔
|
|