میرپورخاص (نامہ نگار) میرپورخاص حیدرآباد کے درمیان دو رویہ سڑک کی تعمیر کے منصوبہ پر اس ماہ کے آخر تک عملدرآمد شروع ہوجائے گا۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت اس منصوبے کی تعمیر کا تخمینہ 6.1 بلین روپے لگایا گیا ہے معلوم ہوا ہے کہ میرپورخاص حیدرآباد کے درمیان 67 کلو میٹر دو رویہ پختہ سڑک کی تعمیر کے تمام اخراجات غیرملکی کمپنی برداشت کرے گی اور اس کے عوض وہ 30 سال تک ٹول ٹیکس وصول کرے گی۔ منصوبہ کی تکمیل کیلئے ای ڈی او ورکس اینڈ سروسز مٹھی منظور حسین شاہ کو پروجیکٹ ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے، منصوبہ کے تحت ٹنڈوالہ یار اور ٹنڈو جام بائی پاس کے علاوہ میرپورخاص میں رتن آباد ریلوے پھاٹک پر اوورہیڈ برج بھی تعمیر کیا جائے گا اس ضمن میں رابطہ کرنے پر ڈی سی او میرپورخاص غلام حسین میمن نے بتایا کہ میرپورخاص ضلع کی حدود میں سڑک کی تعمیر میں حائل تجاوزات ختم کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نومبر کے آخر تک اس پر کام شروع ہو جائے گا۔