| کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ نے کہا ہے کہ آئندہ سال پاکستان اور بھارت کے درمیان نیوٹرل مقام امریکا کے شہر فلوریڈا میں ایک ون ڈے انٹرنیشنل میچ ہوسکتا ہے۔ البتہ روایتی حریفوں کے درمیان مکمل سیریز کا کوئی امکان نہیں ہے۔ اس طرح نائب بھارتی وزیر خارجہ ششی تھرور کی امریکا میں سیریز کی تجویز ایک میچ تک سمٹ گئی۔ وہ بدھ کی شب بھارتی دورے کے بعد وطن واپسی پر لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ موہالی میں انہوں نے بھارتی بورڈ کے صدر ششانک منوہر سے غیر رسمی ملاقات کی۔ بھارتی بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ روابط کی بحالی کے لئے اگلے سات سے 8ماہ میں مذاکرات نہیں ہوسکتے۔ اعجاز بٹ نے کہا کہ فلوریڈا میں اگلے سال پاکستان اور بھارت کے درمیان ون ڈے میچ ہوسکتا ہے۔ البتہ مکمل سیریز کا فوری طور پر کوئی امکان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی آئندہ انڈین پریمیئر لیگ میں حصہ لیں گے۔ ہم نے کسی کھلاڑی کو لیگ کھیلنے سے نہیں روکا ہے بلکہ ہم نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے کہا ہے کہ وہ آئی پی ایل کھیلنے والے پاکستانی کھلاڑیوں کو کھیلنے میں مدد دیں۔ اعجاز بٹ جو ایشین کرکٹ کونسل کے صدر بھی ہیں نے کہا کہ 2011میں ایشیا کپ کی میزبانی کے لئے سری لنکا، ملائیشیا اورچین نے دلچسپی ظاہر کی ہے۔ |
|