| کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے ٹاپ ٹینس اسٹار اعصام الحق نے شاندار اور ناقابل یقین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہنشائے ٹینس راجر فیڈرر کو شکست کا مزہ چکھا دیا۔ انہوں نے یہ کامیابی اے ٹی پی ورلڈ ٹور کی سوئس انڈور چیمپئن شپ کے ڈبلز کے پہلے راؤنڈ میں حاصل کی ۔ سوئٹزر لینڈ کے شہر باسل میں 2 سے 8 نومبر تک کھیلی جانے والی چیمپئن شپ میں اعصام الحق نے اپنے ڈبلز کے ساتھی جیمز کیریتانی کے ہمراہ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر اور کیوڈی نیلی کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-4 اور 6-3 سے زیر کرکے دوسرے راؤنڈ میں جگہ حاصل کرلی۔ دریں اثناء اعصام کی عمدہ کارکردگی پر پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر دلاور عباس، سیکرٹری میجر راشد خان، صبح نو کی چئیر پرسن مسز شاہدہ فاروق، سندھ ٹینس کے سیکرٹری خالد رحمانی نے اپنے مبارک باد کے پیغام میں کہا کہ اعصام الحق نے عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر کوشکست دے کرقوم کے سر فخر سے بلند کردیے ہیں۔ اعصام بلاشبہ اس عظیم فتح پر مبارکبادکا مستحق ہے جس نے دہشت گردی سے چور عوام کو خوشی کا ایک موقع دیاہے۔ |
|