| کراچی (اسٹاف رپورٹر) میڈیا کی ان قیاس آرائیوں کے بعد کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان یونس خان اور نائب کپتان شاہد آفریدی میں شدید اختلافات ہیں، شاہد آفریدی بعض سینئر کھلاڑیوں کی حمایت سے یونس خان کا تختہ الٹنا چاہتے ہیں، شاہد آفریدی نے میچ وننگ کارکردگی کا سہرا یونس خان کے سر باندھ کر ان قیاس آرائیوں کا خاتمہ کردیا۔ آل راؤنڈر نے مشکل ترین صورتحال میں50 گیندوں پر70 رنز اسکورکیے اور 10 اوورز میں46 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کرکے شاہد آفریدی نے پہلے ون ڈے میں پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف138 رنز سے فتح دلوا دی۔ شاہد آفریدی نے اپنی اس فتح گر کارکردگی کا کریڈٹ یونس خان کو دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب میں بیٹنگ کے لیے گیا توکپتان نے مجھے کہاکہ میں مثبت کھیلوں۔ انہوں نے کہاکہ یونس خان کی حوصلہ افزائی میرے کام آئی اور میں نے70 رنز بنا کر ٹیم کو بڑا اسکور بنانے میں مدد دی۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم آسان نہیں ہے لیکن ہم نے انہیں تینوں شعبوں میں آؤٹ کلاس کردیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو مشکل صورتحال سے نکال کر ہم نے بڑا اسکور کھڑا کردیا پھر بولروں نے کیوی ٹیم کی حکمت عملی کو ناکام بنا دیا۔ انہوں نے کہاکہ یونس خان اور میرے تعلقات بہت اچھے ہیں۔ اس حوالے سے افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ سابق پاکستانی کپتان وقار یونس نے کہا کہ گراؤنڈ میں یونس خان اور شاہد آفریدی ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔ مجھے میڈیا کی خبروں میں کوئی صداقت دکھائی نہیں دے رہی۔ جب میں کھیلتا تھا اس وقت میرے، وسیم اکرم، عامر سہیل اور معین خان وغیرہ کے ساتھ تعلقات کی خبریں اکثرمیڈیا کی زینت بنتی تھیں جب کہ حقائق اس کے برعکس ہوتے تھے۔ پاکستان ٹیم دنیا کی بڑی سے بڑی ٹیموں کو شکست دیتی تھی اس مرتبہ بھی صورتحال اسی قسم کی دکھائی دیتی ہے۔ |
|