| کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزارت کھیل کی درخواست پر ملک کے مختلف شہروں میں ساؤتھ ایشین گیمزکے لیے لگائے گئے مختلف ٹیموں کے تربیتی کیمپ میں سیکورٹی بڑھادی گئی یہ فیصلہ ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے پیش نظرکیا گیاہے جس کامقصد کھلاڑیوں کو تحفظ فراہم کرناہے کیمپ میں موجودکھلاڑی بھی بم دھماکوں اور دہشت گردی کے باعث تحفظات کا شکار ہیں۔ ساؤتھ ایشین گیمزکے لیے ان دنوں کراچی میں باکسنگ اور ٹیبل ٹینس جبکہ اسلام آباد میں خواتین اور مردوں کے ایتھلٹکس، سوئمنگ، بیڈمنٹن، مردوں کے باسکٹ بال، خواتین کے سائیکلنگ، مردوں کے ہینڈ بال، خواتین کے کراٹے، اسکواش (مرد) تائی کوانڈو (مرد، خواتین) ووشو (مرد خواتین) ویٹ لفٹنگ، ریسلنگ، جوڈو (مرد) کیمپ لگے ہوئے ہیں۔لاہور میں سائیکلنگ (مرد) کبڈی (مرد) کراٹے (مرد) اور پی او ایف واہ میں مردوں کا والی بال کیمپ لگا ہوا ہے۔ لاہور اور اسلام آباد میں دہشت گردی کی حالیہ لہر کے بعد ان دونوں شہروں میں لگائے گئے تربیتی کیمپوں میں سیکورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے اسٹیڈیم اور جمنازیم میں کھلاڑیوں کی آمدورفت کے لیے اسکیننگ دروازے لگادیے گئے ہیں جبکہ وہاںآ نے والوں کی تلاشی بھی لی جارہی ہے پولیس کے علاوہ نجی گارڈز بھی تعینات کردیے گئے ہیں۔ کراچی کے نیشنل کوچنگ سینٹر میں باکسنگ کیمپ جاری ہے جہاں باکسروں کی حفاظت کے لیے سیکورٹی میں سخت ترین اضافہ کردیا گیاہے باکسروں،ان کے آفیشلزکو ہدایت کردی گئی ہے کہ وہ بلا ضرورت نقل و حرکت نہ کریں اور غیر ضروری طور پر کوچنگ سینٹر کے ہاسٹل سے باہر نکلنے سے گریز کریں، کوچنگ سینٹر کے مرکزی دروازے پر لوگوں کی آمدورفت کے لیے خصوصی دروازے لگائے گئے ہیں جبکہ جمنازیم کے گیٹ پر کوچنگ سینٹر کے گارڈ تعینات کیے گئے ہیں کوچنگ سینٹر کے ڈائریکٹر ذوالفقار ابڑو نے بتایا ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظرکھلاڑیوں کی حفاظت کے لیے سیکورٹی کے مناسب اقدامات کیے گئے ہیں اور انہیں خود بھی محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے انہوں نے بتایا کہ ٹیبل ٹینس کھلاڑیوں کا کیمپ فی الحال ملتوی کردیا گیا ہے اور ٹیم کی بھارت سے واپسی کے بعد 25/ نومبر سے لگایا جائے گا۔ پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے صدر ایس ایم سبطین نے بتایا ہے کہ بھارت میں ہونے والی ایشین ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کے لیے تاحال حکومت کی جانب سے این او سی جاری نہیں کی گئی یا وزارت کھیل کو بدھ کو فیڈریشن نے این او سی اورگرانٹ کے لیے نئی درخواست بھجوادی ہے جس کے بعد ٹیم کے کھلاڑیوں میں ردوبدل بھی کیا جاسکتا ہے دوسری جانب ساؤتھ ایشین گیمزکے لیے لگائے گئے کیمپوں کے لیے کھیلوں کی فیڈریشن نے پاکستان اسپورٹس بورڈ اور وزارت کھیل کی مشاورت سے کیمپ میں موجود کھلاڑیوں کوسیکورٹی کے حوالے سے خصوصی ہدایات بھی جاری کردی ہیں جس میں انہیں کیمپ کے دوران زیادہ ترجمنازیم یا ہاسٹل میں رہنے کی ہدایت کی گئی جبکہ مارکیٹ میں خرید و فروخت کے لیے کھیلوں کی کٹ کے بجائے عام لباس میں جانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ |
|