| کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق ہاکی اولمپیئنز نے اس امیدکاا ظہار کیا ہے کہ قومی ٹیم جاپان کے خلاف میچ جیتنے میں کامیاب ہوجائے گی تاہم قومی کھلاڑیوں کو اعتماد کے ساتھ سنبھل کر کھیلنا ہوگا۔ سابق کپتان کوچ اور منیجر اصلاح الدین نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی اچھی ہے اور مسلسل جیت سے کھلاڑیوں کے حوصلے میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاپا ن خطرناک حریف ضرور ہے مگر پاکستان کو اس پر تجربے میں فوقیت ہے۔ سابق کپتان سمیع اللہ نے کہا کہ فرانس کے خلاف دو گول ہونے سے دفاعی لائن میں بہتری لانے کی ضرورت ہے ۔ موجودہ ہاکی میں معمولی سی غلطی بھی خطرناک بن جاتی ہے۔ کسی بھی ٹیم کو آسان لینا موجودہ ہاکی میں رسک ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس اور اٹلی زیادہ مضبوط ٹیمیں نہیں تھیں۔ جاپان کے خلاف پاکستان کو دفاعی گیمز نہیں کھیلنا چاہئے۔ سابق کپتان حنیف خان نے کہا کہ جاپان کے خلاف پاکستان کو جارحانہ کھیل پیش کرکے زیادہ سے زیادہ پینلٹی کارنرز حاصل کرنا چاہئے کیونکہ اس وقت پاکستان کی پینلٹی کارنر کے شعبے میں کارکردگی بہت زیادہ اچھی ہے۔ سہیل عباس بہترین فارم میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی کھیل نقصان دہ ثابت ہوگا۔ سابق ہاکی اولمپیئن گول کیپر قمر ضیاء نے کہا کہ ٹیم کی اب تک کی پرفارمنس قابل تعریف ہے اور اس بات کی قوی امید ہے کہ جاپان کے خلاف بھی اس کی برق رفتاری اور مہارت فتح میں اہم کردار ادا کرے گی۔ |
|