نئی دہلی (جنگ نیوز) بھارت کے وزیر خارجہ ایس ایم کرشنانے کہا ہے کہ طالبان پاکستان نے خود بنائے اس میں بھارت کا کوئی کردار نہیں۔پاکستان کی صورتحال اس وقت مکمل ابہام کا شکار ہے اور پاکستان میں موثر حکومتی نظام کا کوئی وجود نہیں۔نئی دہلی میں میڈیا سے بات چیت کے دوران ان کا دعویٰ تھا کہ بھارت بلوچستان یا پاکستان کے کسی دوسرے علاقے میں کوئی مداخلت نہیں کر رہا۔ادھر آن لائن کے مطابق بھارتی سیکرٹری خارجہ نیرو پامہ راؤ نے جنوبی وزیرستان میں بھارت کے ملوث ہونے سے متعلق پاکستانی الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے بھارتی میڈیا کے مطابق سیکرٹری خارجہ نیرو پامہ راؤ نے پاکستانی دفتر خارجہ کے بیان پر ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ان الزامات کی کوئی بنیاد نہیں ہے کہ پاکستان میں بھارتی اسلحہ برآمد ہوا ہے۔