| کراچی (اسٹاف رپورٹر) جمعہ گوٹھ میں ٹرین حادثے کے دوسرے روز بھی ٹرینوں کی آمد و رفت کا نظام بری طرح متاثر ہے ۔ بدھ کو بھی ٹرینوں کی آمدورفت 4تا8 گھنٹے تاخیر جاری رہی۔ ٹرینوں کی تاخیر کے باعث مسافر اور ان کے عزیز واقارب سخت اذیت اور پریشانی کا شکار ہیں جبکہ کراچی سے اندرون ملک جانے والی ٹرینوں کو 15 گھنٹے تاخیر کا سامنا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرینوں کا شیڈول معمول پر آنے میں 2 تا 3روز درکار ہونگے ۔ ٹرینوں کے درست اوقات کی معلومات کیلئے مسافروں کو دفتر معلومات سے رابطہ کرنے کے باوجود کوئی آگاہی حاصل نہیں ہوئی جبکہ 117 اور دوسرے ٹیلیفون کو کوئی اٹینڈ نہیں کرتا ۔ دفتر معلومات کے باہر لوگوں کی طویل قطاریں نظر آئیں ۔ بدھ کو سب سے زیادہ تاخیر کا شکار ہونے والی ٹرینوں میں تیزگام ، تیزرو ، کراچی ایکسپریس (نائٹ کوچ ) علامہ اقبال اوردیگر شامل البتہ قراقرم اور ملت ایکسپریس تھوڑی تاخیر سے روانہ ہوگئیں ۔ ٹرینوں کی تاخیر کی وجہ سے کینٹ اسٹیشن پر پریشان مسافروں کا ہجوم لگارہا ۔ |
|