واشنگٹن( جنگ نیوز) امریکہ کے ڈیموکریٹ صدر بارک اوباما کے عہدہ صدارت سنبھالنے کے ایک سال بعد حزبِ مخالف رپبلکن پارٹی نے دو ریاستوں میں گورنر کے عہدے کے لیے ہونے والے انتخابات جیت لیے ہیں۔ریاست ورجینیا میں رپبلکن امیدوار باب میکڈونل نے بآسانی فتح حاصل کی جبکہ نیو جرسی میں بھی رپبلکن امیدوار کرس کرسٹی کامیاب ہوئے ہیں۔نیویارک میں آزاد امیدوار اور شہر کے موجودہ میئر مائیکل بلومبرگ نے تیسری مرتبہ کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے ڈیموکریٹ امیدوار بل تھامسن کو شکست دی۔برطانوی ریڈیو کے مطابق مبصرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ ان انتخابات میں ووٹنگ مقامی مسائل کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کی گئی تاہم یہ فتوحات 2010ء کے مڈٹرم انتخابات میں رپبلکن پارٹی کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہیں۔