Download Font | Urdu Keyboard | On-Screen Keyboard Back Issues Feedback             Sunday, November 22, 2009, Zil`Haj 04, 1430 A.H
 
  یورپ سے 
 
لندن،کابل( جنگ نیوز )افغانستان کے صوبے ہلمند میں افغان پولیس اہلکارنے فائرنگ کرکے پانچ برطانوی فوجیوں کو ہلاک کردیا۔ ہلاک ہونے والوں میں تین اہلکار گریناڈےئر گارڈز اور دو کاتعلق رائل ملٹری پولیس سے تھا۔طالبان نے واقعہ کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔وزارت داخلہ کے ساتھ نیٹو فورسز کے جاری ایک مشترکہ بیان میں بتایا گیاہے کہ فائرنگ کے واقعے میں دو افغان اور6برطانوی فوجی زخمی بھی ہوئے ۔وزیر اعظم گورڈن براؤن نے ہلاکتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاہے کہ سپاہیوں کو ٹارگٹ بناکر قتل کیاگیااوریہ طالبان کی کارروائی ہے۔ہلاکتوں کایہ واقعہ گذشہ روز افغانستان کے صوبے ہلمند کے ضلع ناد علی میں قائم ایک چیک پوائنٹ پر پیش آیا جہاں حملہ آور اہلکار نے چیک پوائنٹ پر موجود برطانوی فوجیوں پر فائرنگ کھول دی۔وہاں موجود فوجیوں کو جوابی کارروائی کا موقع نہیں ملا جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔بتایاگیاہے کہ ہلاک ہونے والے سپاہی افغان پولیس کی مانیٹرنگ پر مامور تھے اور چیک پوائنٹ کے اندر رہ رہے تھے۔ملٹری ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی رپورٹس میں کہاگیاہے کہ افغان نیشنل پولیس سے تعلق رکھنے والے اہلکار نے بغیر وارننگ کے فائرنگ کردی ،حملہ آور کے مقاصد اور اس کے ٹھکانے کا پتہ نہیں چل سکاہے۔ افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے برطانوی فوجیوں کی ہلاکت کی تحقیقات کیلئے وزارت داخلہ کے حکام کو ہدایات جاری کردیں۔اپنے حکم نامے میں انہوں نے کہا کہ واقعہ کے ذمہ داروں کی نشاندہی کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں۔ وزیر اعظم براؤن نے مقتولین کے خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ بہادر سپاہیوں کی فائرنگ کے اس واقعے میں ہلاکتیں بہت بڑا نقصان ہے ،انہوں نے نہ صرف افغانستان کو محفوظ بنانے کیلئے جنگ لڑی بلکہ انہوں نے افغانستان اور پاکستان کے سرحدی علاقوں سے درپیش دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خطرے سے برطانیہ کو محفوظ بنانے کیلئے اپنی جانیں قربان کر دیں۔انہوں نے مزید کہاکہ ہم اپنے سپاہیوں کو بہترین سازو سامان کی فراہمی اور عالمی اتحادیوں کے ساتھ مل کر صحیح حکمت عملی وضع کرنے کو یقینی بنانے کے حوالے سے پُر عزم ہیں۔ وزیر اعظم براؤن نے کہاکہ ایسا لگتاہے کہ فوجیوں کو ٹارگٹ بنایا گیاہے کیونکہ وہ ہمارے دشمنوں کے خلاف نبردآزما تھے۔ پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ طالبان نے ذمہ داری قبول کرلی ہے اور ایسا ہوسکتاہے کہ طالبان نے اس پولیس اہلکار کو استعمال کیا ہو یا پھر طالبان افغان پولیس میں شامل ہوگئے ہوں۔ ادھرافغانستان کے صدارتی ترجمان ہمایوں حامد زادہ نے کہاہے کہ یہ اپنی نوعیت کا ایک انفرادی واقعہ ہے اورایسے واقعات دنیا میں کہیں بھی ہوسکتے ہیں ،حملہ آور دیوانے شخص نے افغان پولیس کے اہلکاروں کو بھی نشانہ بنایا ہے ۔ان کا کہناہے کہ اس ایک واقعے کو یہ کہنے کیلئے استعمال نہیں کیاجاسکتاہے کہ پوری افغان فورس میں خرابی ہے ،امریکہ میں بھی لوگ شاپنگ مال پر فائرنگ کردیتے ہیں اور اس طرح کے دیوانے لوگ کہیں بھی ہوسکتے ہیں ۔افغانستان میں عالمی اتحادی فوج کے سربراہ امریکی جنرل میک کرسٹل نے بتایا ہے کہ ان کی اس فائرنگ کے حوالے سے وزیر داخلہ محمد حنیف اتمار کے ساتھ بات ہوئی ہے جنہوں نے مجھے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس کی مکمل اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں گی ۔دوسری جانب اقوام متحدہ کے افغانستان کیلئے سفیر کائی ایڈ نے تنبیہ کرتے ہوئے کہاہے کہ صدر حامد کرزئی اپنی آئندہ کابینہ میں اصلاح کا وعدہ پورا کریں بصورت دیگر انہیں تنہا چھوڑ دیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ اگر اصلاحات نہیں لائیں تو پھر وہ عالمی حمایت کھو دینگے۔اپنے ایک انٹرویو میں ان کا کہناتھاکہ ہم ٹرننگ پوائنٹ پر ہیں جبکہ بحث میں مزید گرما گرمی آگئی ہے ۔ صدر حامد کرزئی نے کہاہے کہ وہ ہر اس شخص کو حکومت میں شامل کرنے کو تیار ہیں جوان کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔کرزئی کے صدارتی الیکشن میں مخالف امیدوار رہنے والے عبداللہ عبداللہ نے کہاہے کہ واقعہ سے ثابت ہواہے کہ کرزئی حکومت ناکام ہوگئی ہے۔انہوں نے کہاکہ کرزئی کا دوبارہ انتخاب غیر قانونی ہے ،وہ افغانستان کے مسائل حل نہیں کرسکتے۔ادھرطالبان نے کرزئی کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ ان کی کوئی اہمت نہیں ہے،وہ فراڈ الیکشن کے ذریعے منتخب ہوئے۔ترجمان یوسف احمدی نے کہاکہ ملک سے غیر ملکی افواج کے انخلاء تک جدوجہد جاری رہے گی۔دریں اثناء کابل میں اقوام متحدہ کے ریسٹ ہاؤس پرحملے میں ہلاک ہونے والے دو اہلکاروں کی میتیں آبائی وطن روانہ کردی گئی جبکہ اٹلی نے صدارتی انتخابات کیلئے بھیجی گئی کمک واپس بلالی ہے۔ اطالوی وزیر دفاع نے میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ400 فوجی تعینات کئے گئے تھے جنہیں دوسرے مرحلے کے انتخابات کی منسوخی کے بعد واپس بلالیاگیاہے۔ علاوہ ازیں نیٹو کے سیکریٹر جنرل آندرے فوگ راسموسین نے برطانوی فوجیوں کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔  
Print Version


 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
آج کا اخبار 
تازہ ترین 
اہم خبریں
ملک بھر سے
شہر قائد/ شہر کی آواز
سندھ بھر سے
دنیا بھر سے
امریکا سے
یورپ سے
ادارتی صفحہ
اسپورٹس
بزنس
مراسلات
دل لگی
تعلیم صحت خواتین
کارٹون 
 
   Jang Online    |    TheNews    |    Jang Multimedia   |    Download Font    |    Keyboard Instructions    |    Back Issues    |    RSS    |Feedback