| لندن (جنگ نیوز) لیبر حکومت کے ایک سابق جونیئر وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ برطانیہ کو افغانستان سے اپنی فوج واپس بلالینی چاہئے، لیبر ممبر پارلیمنٹ کم ہاؤلز ایک سیکورٹی واچ ڈاگ کے چیئرمین ہیں، انہوں نے کہاکہ افغانستان سے برطانوی فوج کی مرحلہ وار واپسی سے اربوں پونڈ کی بچت ہوگی اور اس سے القاعدہ کے حملوں کے خلاف برطانوی سرحدوں کا تحفظ کیاجاسکے گا، گارڈین میں لکھتے ہوئے کم ہاؤلز نے کہاکہ برطانوی فوج کی وطن واپسی کے بعد بیرون ملک برطانوی انٹیلی جنس آپریشنوں میں اضافہ کیاجائے اور غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ تعاون بڑھایاجائے، ہاؤلز 2005ء سے2008ء تک خارجہ امور کے وزیر تھے اس دوران وہ افغانستان اور پارلیمانی انٹیلی جنس کمیٹی کے چیئرمین رہے، انہوں نے افغانستان کی حکومت پر الزام لگایاکہ اس نے اقوام متحدہ کی نگرانی میں ہونے والے آپریشن کوضائع کیا اور اس سے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا۔ |
|