| اوسلو (رپورٹ/ سید سبطین حسین) کینیڈا کے شہر ٹورنٹوسے لاہورجانے والے پی آئی اے کے طیارے کو ناروے کے مغربی شہربرگن میں بدھ کی صبح ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی۔ پرواز PK790منگل کی رات ٹورنٹوسے لاہورجارہی تھی کہ طیارے میں سوار ایک کینیڈین پاکستانی خاتون ساجدہ شفیق کو دل کی شدید تکلیف ہوئی اورطیارے کو قریبی ایئرپورٹ پر اترناپڑا۔ ناروے میں پی آئی اے کنٹری منیجرراجہ بشیرنے بتایاکہ طیارے کے کیپٹن نسیم اللہ نے فوری طور ناروے کے شہربرگن اترنے کا فیصلہ کیا اور مریضہ کو قریبی ہسپتال ”ہاکلینڈ“ داخل کرایاگیا۔ اس دوران پی آئی اے کا بوئنگ۔777 طیارہ ایک گھنٹہ بیس منٹ تک برگن ایئرپورٹ پر کھڑارہا اور ضروری کارروائی کے بعد لاہور روانہ ہوگیا۔ مریضہ کو ہسپتال داخل کردیا گیا ہے۔ اگرچہ ان کی حالت بہترہے لیکن ڈاکٹروں نے انہیں جلدی سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ مریضہ کے ساتھ ان کے داماد عدیل محمد عرفان جو پاکستانی شہریت کے حامل ہیں، کو بھی مریضہ کی وجہ سے برگن ٹھہرنا پڑا ہے۔ ناروے کا شہر برگن دارالحکومت اوسلو کے مغرب میں تقریباً تین سو کلو میٹرکے فاصلے پر واقع ہے۔ |
|