| اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سندھ کے گورنر ڈاکٹر عشرت العباد،فرانس کے پاکستان میں تعینات سفیر اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کے خصوصی نمائندے نے بدھ کو ایوان صدر میں صدرآصف علی زرداری سے ملاقات کی۔تفصیلات کے مطابق گورنر سے ملاقات میں سندھ خصوصاً کراچی میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔صدرنے گورنر کو ہدایت کی کہ سندھ حکومت صوبے کے عوام کو سستے داموں کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے ہدایت کی کہ حکومت سندھ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق عوام کو چینی کی 40 روپے کلو فراہمی کے اقدامات کرے تاکہ عوام کو مہنگائی کے اس دور میں ریلیف مل سکے۔ ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے سندھ بھر میں سیکورٹی انتظامات کی تعریف کی اور امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے پر حکومت سندھ کی کارکردگی کو سراہا۔ملاقات میں پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے تعلقات ، این آر او اور سندھ کی سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔علاوہ ازیں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے نے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور یقین دہانی کرائی کہ اقوام متحدہ پاکستان میں امدادی کارروائیاں جاری رکھے گی اور تعمیرنو اور بحالی کے لئے حکومت پاکستان سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لئے کام کرے گی۔ |
|