کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی بدھ کی شام گردوغبار کی لپیٹ میں آگیا جس کی وجہ سے ر وشنی کم ہوگئی اور ایسا محسوس کیا گیا کہ بادل چھاگئے ہوں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کی سمت تبدیل ہوگئی ہے اب ہوا جنوب مغربی علاقوں کے بجائے شمال مغربی علاقوں سے چل رہی ہے جو ریگستانی علاقوں سے مٹی اور ریت ساتھ لارہی ہے جس کی وجہ سے آسمان پر گردوغبار چھایا ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو تین روز تک گرد آلودموسم برقرار رہے گا۔ دریں ا ثناء گرد آلود موسم کی وجہ سے سانس اور الرجی کے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈاکٹروں نے سانس اور الرجی کے مریضوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ احتیاط کریں۔