کراچی (اسٹاف رپورٹر) سی این جی ڈیلرز نے سی این جی اسٹیشنرز کو ہفتے میں 2/دن بند رکھنے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے، سی این جی ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان اور سی این جی اونرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش نے کہا ہے کہ اس فیصلے سے متوسط طبقہ زیادہ متاثر ہو گا، ان کا کہنا تھا کہ سی این جی انڈسٹری میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہو چکی ہے اس فیصلے سے سرمایہ کاری پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے، سی این جی اسٹیشنرز کی ہفتے میں 2/دن بندش سے صرف 25/ایم ایم سی ایف گیس کی بچت ہو گی جس سے حکومت کو زیادہ فائدہ نہیں ہو گا البتہ انڈسٹری تباہ ہو جائے گی اور لاکھوں لوگ بے روزگار ہو جائیں گے، علاوہ ازیں آل پاکستان ویجیلینس پیٹرولیم، سی این جی ڈیلرز فاوٴنڈیشن کے چیئرمین سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ سی این جی اسٹیشن کی دو روزہ بندش سے ملک کے ہزاروں افراد متاثر ہوں گے، سی این جی اسٹیشن مالکان کے لیے ملازمین کو تنخواہ کی فراہمی میں بھی دشواری کا سامنا ہو گا اُنہوں نے کہا کہ حکومت سی این جی اسٹیشن کو دو روز بند کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کرے، مہنگائی، گرانی، آٹے اور چینی کی قلت کے اس دور میں ایسے عجوبے فیصلے حکومت کو مزید بدنام کریں گے۔