| کراچی (اسٹاف رپورٹر) سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے قیام سے قبل کراچی میں ہاکرز کے لئے ممنوعہ قرار دی جانے والی شاہراہوں اور علاقوں میں بڑی تعداد میں کیبن لگنا شروع ہوگئے ہیں۔ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کراچی کے قیام سے قبل ممنوعہ علاقے کے ایم سی کونسل نے پاس کئے تھے اور اس کی بڑی وجہ سڑکوں کو ٹریفک کے رش سے بچانا اور فٹ پاتھوں کو پیدل چلنے والوں کے لئے خالی رکھنا تھا لیکن سٹی گورنمنٹ اور ٹاؤنز نے اس قانون کو نظرانداز کرنا شروع کر دیا ہے اور شہر کے متعدد علاقوں میں سڑکوں اور گنجان علاقوں میں کیبن نظر آ رہے ہیں۔ سٹی گورنمنٹ کے قیام سے قبل ہاکرز زون یا ہاکرز لائسنس دیتے وقت جو علاقے اور سڑکیں ممنوع تھیں ان میں (1) شارع فیصل، (2) محمد علی جناح روڈ، (3) یونیورسٹی روڈ، (4) نشتر روڈ جونا مارکیٹ سے جیل تک، (5) آئی آئی چندریگر روڈ ٹاور سے ایم آر کیانی روڈ تک، (6) پریڈی اسٹریٹ، (7) زیب النساء روڈ، (8) علامہ داؤد پوتہ روڈ، (9) عبداللہ ہارون روڈ، (10) شاہراہ عراق، (11) رابنسن روڈ، (12) محمد بن قاسم روڈ، (13) الطاف حسین روڈ، (14) نیپئر روڈ چاکیواڑہ روڈ مع شیر شاہ پل سے پراچہ ٹیکسٹائل مل، (15) نواب محمد خانجی روڈ، (16) گرومندر گرد و نواح براستہ بزنس ریکارڈر روڈ سے لسبیلہ انٹرسیکشن اور نواب صدیق علی خان روڈ سے سخی حسن تک، (17) ناظم آباد بی روڈ سے شیرشاہ سے لیاقت آباد نمبر 10 تک، (18) ناظم آباد سٹی روڈ، (19) جہانگیر روڈ سے گرومندر ایس ایم توفیق روڈ سے زیرو پوائنٹ سپر ہائی وے تک، (20) ماری پور روڈ، (21) منگھوپیر روڈ سے لولین پل سے قصبہ کالونی تک، (22) راشد منہاس روڈ نیپا کے گرد و نواح سے ناگن چورنگی تک، (23) مین روڈ نمبر 12 ہزار، کورنگی نمبر 1 سے ریڈیو پاکستان لانڈھی، (24) شاہ ولی اللہ روڈ، (25) طارق روڈ، علامہ اقبال روڈ، بہادر شاہ ظفر روڈ، مارکیٹ ایریا، (26) سینٹرل کمرشل ایریا پی ای سی ایچ ایس، (27) الف۔ ایمپریس مارکیٹ، ب۔ سپر مارکیٹ، ج۔ مچھر میانی مارکیٹ، د۔ لیمارکیٹ، (28) مین روڈ میجر حسن روڈ پی آئی بی کالونی شامل تھے۔ مذکورہ سڑکوں کے علاوہ ٹھلہ، چھاپڑی، کھوکھا وغیرہ کے لئے ہاکرز لائسنس جاری کیا جاتا تھا لیکن ان ممنوعہ ہاکرز زون کو باقاعدہ تبدیل نہیں کیا گیا اور متعدد ٹاؤنز نے اپنے طور پر قراردادیں منظور کر کے ہاکر زون قائم کر دیئے ہیں جس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی میں دشواریاں بلکہ بھیڑ کے باعث لوگوں کو پیدل چلنے میں مشکلات کا بھی سامنا ہے۔ |
|