| کراچی (پ ر) جماعت اسلامی کراچی کے سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی مظفر احمد ہاشمی ، لئیق خان ، نصر اللہ خان شجیع ، حمید اللہ خان ایڈووکیٹ اور محمد یونس بارائی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں ہفتے میں دو چھٹیوں کی اطلاعات پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عیش اور تساہل پسند حکمران پاکستان کے 17 کروڑ غیور اور جفاکش عوام کو بھی اپنی طرح تن آساں بنانا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے قوم کو کام، کام اور صرف کام کا درس دیا تھا جبکہ عیش پسند حکمراں آرام، آرام اور صرف آرام کا پیغام دے رہے ہیں۔ آج پورا ملک جن بحرانوں سے گزر رہا ہے اور ملکی معیشت جس زبوں حالی سے دوچار ہے ایسے میں معیشت کو مضبوط بنیادوں پر کھڑا کرنے اور خود کو ورلڈ بینک ، آئی ایم ایف اور دیگر غیر ملکی قرضوں سے نجات دلانے کے لئے ناگزیر ہے کہ انتہائی جانفشانی سے کام کیا جائے ۔ |
|