آپ کے اخبار کے توسط سے عرض کرنا چاہتی ہوں کہ وطن عزیز کے حالات ہمارے سامنے ہیں اور کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں یہ سب جانتے ہیں کہ اس وقت پاکستان کا دشمن کون اور دوست کون ہے۔ مگران حالات میں کہ جب کوئی افسوسناک واقعہ پیش آجائے ہمارے سیاست دانوں کے ایسے بیانات آتے ہیں کہ جنہیں پڑھ کر افسوس ہوتا ہے۔پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے جو حالات ہیں وہ حکومت کی غیر ذمہ داری کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔تسلسل سے ہونے والے یہ افسوسناک واقعات،فوج کے اہم افراد کی ہلاکت اس کے علاوہ دوسرے شہروں میں خودکش حملوں کا جو سلسلہ شروع ہوا ہے عقل ان کو ماننے کو تیار نہیں ہے کہ کسی ملک کے دارالحکومت کی سیکورٹی اتنی ناقص ہوسکتی ہے کہ جس کا دل چاہے وہ کوئی بھی کارروائی کرلے۔اسلامک یونیورسٹی کی شریعة فیکلٹی میں ہونے والے دھماکے صاف ظاہر کرتے ہیں کہ یہ اسلام دشمن قوتوں کا کام ہے۔اہم بات یہ ہے کہ تمام کارروائیاں اسلام آباد میں بلیک واٹر کی تعینات کے بعد ہوئی ہیں۔یہ تمام واقعات اور پھر اب عوام، فوج،پولیس غرض یہ کہ کوئی بھی محفوظ نہیں ہے۔ان حالات میں عوام سے گزارش ہے کہ موجودہ حالات پر غوروفکر کریں اور اصل دشمن کو پہچانیں،عقل سے کام لیں،غفلت سے بیدار ہوجائیں،اپنے رویوں میں مثبت تبدیلی لائیں اور پاکستان کو مستحکم کر نے میں مصروف ہوجائیں۔ (سدرہ کنول۔ جامعہ کراچی)