| جنوبی وزیرستان سوات (نمائندہ جنگ) جنوبی وزیرستان آپریشن کے اہم مرحلے پر سکیورٹی فورسز شدت پسندوں کے سب سے بڑے ہیڈکوارٹر مکین میں داخل ہو گئی ہیں۔ تازہ کارروائیوں کے دوران 24 دہشت گردوں کو ہلاک اور بیت اللہ محسود کا گھر مسمار کر دیاگیا۔ دوسری طرف سوات میں 2 کمانڈروں سمیت 8عسکریت پسند مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق سکیورٹی فورسز جنگجوؤں کے سب سے بڑے ہیڈکوارٹر مکین میں داخل ہو گئی ہیں۔ فورسز کی کارروائیوں کے نتیجے میں مزید 24 دہشتگرد ہلاک اور متعدد ٹھکانے تباہ ہو گئے جبکہ ایک جنگجو کو گرفتار کر لیا گیا۔ فورسز نے سراروغہ اور لدھا میں پوزیشنیں مستحکم کر لی ہیں اس کے علاوہ مکین کا بڑا حصہ شدت پسندوں سے خالی کرا لیا ہے۔ سکیورٹی اہلکاروں نے بیت اللہ محسود کا گھر بھی تباہ کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگرد اسلحہ چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں۔ بنگئی خیل تونائی لنگر خیل اور کوٹ لنگر خیل میں سرچ آپریشن کے دوران اسلحے کی بھاری مقدار پکڑی گئی ہے۔ ادہر مقامی انتظامیہ کے مطابق سکیورٹی فورسز وانا کی جانب سے پیش قدمی کرتے ہوئے لدھا تک پہنچ گئی ہیں۔ لدھا وانا روڈ کو مکمل طور پر کنٹرول کر لیا گیا ہے اور لدھا کے مختلف دیہات گڈا وائی شمیرائی میدان سیگہ کوٹ لنگر خیل اور پٹویلائی میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن شروع کیا گیا ہے پورے علاقے کو سیل کر دیا گیاہے۔ سکیورٹی فورسز نے مکین میں تینوں سڑکوں کو ملانے والی درے سڑک جنکشن کو بند کردیا۔ ذرائع کے مطابق رزمک وانا روڈ کو مکمل طور پر کنٹرول کرنے کیلئے اب صرف 8کلومیٹر کا فاصلہ رہ گیاہے۔ دوسری طرف سوات میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2مقامی کمانڈروں سمیت 8عسکریت پسند مارے گئے ہیں جبکہ برقعہ پوش خاتون سمیت 4عسکریت پسندوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ |
|