| اسلام آباد (جنگ نیوز) معلوم ہوا ہے کہ آئینی اصلاحات کمیٹی نے صوبائی خود مختاری سے متعلق آئین سے کنکرنٹ لسٹ کے خاتمہ پر اتفاق رائے کر لیا ہے۔ کمیٹی نے کنکرنٹ لسٹ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے، اب اس بات کا طریقہ کار وضع کیا جائے گا کہ کس طرح مرکز سے صوبوں کو اختیار منتقل کئے جائیں گے۔ ادھر پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی برائے آئینی اصلاحات کے چیئرمین میاں رضا ربانی نے اجلاس کے بعد صحافیوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جلد از جلد آئینی ترامیم کو حتمی شکل دیدی جائے، مثبت پیشرفت جاری ہے اور تمام امور اتفاق رائے سے نمٹائے جا رہے ہیں۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ کمیٹی جلد از جلد اپنا کام ختم کر لے گی۔ کمیٹی کا آئندہ اجلاس منگل کو ہو گا۔ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین میاں رضا ربانی کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں سمندر پار پاکستانیوں کے وفاقی وزیر ڈاکٹر فاروق ستار، احسن اقبال، سینیٹر افراسیاب خٹک، سینیٹر عبدالرحیم مندوخیل، حاجی محمد عدیل، وفاقی وزیر نجکاری سیّد نوید قمر، سینیٹر ایس ایم ظفر، ہمایوں سیف الله اور منیر خان اورکزئی کے علاوہ دیگر ارکان نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق کمیٹی کے گذشتہ روز منعقد ہونے والے اجلاس میں مختلف پارلیمانی جماعتوں نے کنکرنٹ لسٹ کے خاتمہ پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں تحفظات دور ہونے پر کنکرنٹ لسٹ کے خاتمہ پر اتفاق رائے پیدا ہوگیا ہے۔ |
|