تارکین وطن کے مسائل کا حل اوّلین ترجیح ہے،افضال بھٹی
| |
Home Page
اتوار 29 رمضان المبارک 1438ھ 25 جون 2017ء
April 21, 2017 | 12:00 am
تارکین وطن کے مسائل کا حل اوّلین ترجیح ہے،افضال بھٹی

Todays Print

بارسلونا(شفقت علی رضا ) اوورسیز کمیشن پنجاب کے کمشنر افضال بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان تارکین وطن پاکستانیوں کے مسائل کے حل کو ترجیح دے رہی ہے انہوں نے یہ بات بارسلونا میں ہونے والے اوورسیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اوورسیز کمیشن پنجاب کے کمشنر افضال بھٹی نے پاکستانی کمیونٹی سے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر اعظم پاکستان خود اوورسیز رہ چکے ہیں اِ س لئے وہ تارکین وطن کے مسائل کے حل کو ترجیح دے رہے ہیں ۔پاکستانی بینک کا اجراء ، پاکستانی سکول ، دہری شہریت ، ڈرائیونگ لائسنس کی تبدیلی اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا ، پاسپورٹس کی تجدید ، پاسپورٹس اور دوسرے کاغذات کی پاکستان سے تصدیق میں تاخیر ، پاکستانیوں کی میت کو پاکستان بھیجنے کے انتظامات میت پر آنے والے اخراجات کی ذمہ داری ، مسلمانوں کیلئے علیحدہ قبرستان اور اُس کے اخراجات کی زمہ داری قونصلیٹ آفس اور سفارت خانہ پاکستان میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ بھیڑ بکریوں جیسا سلوک ، غیر ملکی بہووں کے لئے پاکستان اووریجن کارڈ کی بندش، پاکستانی ایئر پورٹس پر اوورسیز پاکستانیوں سے نازیبا رویہ ، کمیونٹی کو پاکستان میں قبضہ مافیا اور اغوا برائے تاوان جیسے مسائل کے حل کے بارے میں افضال بھٹی نے کہا کہ ہم اِن تمام مسائل کے حل کو جلد اور یقینی بنانے کے لئے دن رات کوشش کریں گے ۔ اوورسیز کمیشن پنجاب کے وائس چیئر مین کیپٹن خالد شاہین بٹ نےکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ئے کہا کہ دُنیا بھر میں مقیم تارکین وطن کو درپیش مسائل کے حوالے سے جو درخواستیںہمیں ملی ہیں اُن میں سے 50فیصد کو حل کر دیا گیا ہے اور باقی مسائل حل ہونے کے قریب ہیں۔ اوورسیز کنونشن کا اہتمام سپین کی معروف سماجی شخصیت چوہدری امانت مہر نے کیا تھا ۔کنونشن انتظامیہ میں حافظ عبدالرزاق صادق ،شہزادہ عثمان طاہر اور چیف آرگنائزر چوہدری امتیاز آکیہ شامل تھےجبکہ قونصل جنرل بارسلونا مراد اشرف جنجوعہ خصوصی طور پر کنونشن میں شریک ہوئے۔ کنونشن کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے کیا گیا جس کی سعادت عبدالقدیر خان نے حاصل کی ۔کنونشن سے ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن سپین کے صدر کامران خان ، جاوید مغل ، شہزادہ عثمان ، پاکستان مسلم لیگ ن سپین کے صدر حاجی اسد حسین ،سماجی شخصیت محمد اقبال چوہدری ،کنونشن کے میزبان چوہدری امانت حسین مہر ، سوشلسٹ پارٹی کے چیف آرگنائزر اور موجودہ ایم این اے خوسے سارا غوثا ، مقامی بلدیہ کے نمائندے خاویر پاریت اورحافظ عبدالرزاق صادق نے خطاب کرتے ہوئے اوورسیز کمیشن پنجاب کے وفد کو دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل سے آ گاہ کیا ۔ اس موقع پراوورسیز کمیشن کے وفد کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں ، کنونشن میں پاکستانی کمیونٹی کے خواتین و حضرات کی بہت بڑی تعداد شریک ہوئی تھی ۔ اختتامی کلمات کہتے ہوئے میزبان کنونشن چوہدری امانت مہر نے کہا کہ پاکستان میں اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لئے بہت سے ادارے بنے لیکن پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ اوورسیز کمیشن پنجاب کا وفد ہمارے مسائل کو سننے کے لئے آج ہمارے درمیان موجود ہے اور کمیشن کے عہدیداران بھی ہم میں سے ہی منتخب کئے گئے ہیں۔