480؍ ارب روپے کے گردشی قرض کی ایک ہی روز ادائیگی مذاق ہے ‘ سینیٹر محسن عزیز
| |
Home Page
جمعۃ المبارک ، 1 شعبان 1438ھ 28 اپریل 2017ء
April 21, 2017 | 12:00 am
480؍ ارب روپے کے گردشی قرض کی ایک ہی روز ادائیگی مذاق ہے ‘ سینیٹر محسن عزیز

Todays Print

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سینیٹ کی ذیلی کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں کنونیئر کمیٹی سینیٹر محسن عزیز نے کہا ہے کہ480؍ ارب روپے کے گردشی قرضوں کی ایک ہی روز میں ادائیگی کر کے قوم کے ساتھ مذاق کیا گیا۔ حکومت نے ایک روز میں بینکوں کو کھلوا کر 480ارب روپے کا گردشی قرضہ ادا کیا ہے۔ ایک دن میں ہنگامی طور پر ادائیگی کر دی گئی ، ایسا کیوں کیا گیا۔ سرکاری طریقہ کار اور محکموں کو روند کر بے ضابطگی کی گئی۔ کنوینیئر کمیٹی نے کہا گردشی قرضے کی ادائیگی کرنے والوں کی ذمہ داری کا تعین کرنا پڑے گا۔ 36ارب روپے کی اضافی ادائیگی بھی ہوئی لیکن بجلی خریدی نہیں گئی۔ صورتحال آج بھی جوں کی توں ہے نہ بجلی ملتی ہےنہ گردشی قرضے ختم ہورہے ہیں۔ محسن عزیز نے کہا  آزاد ذرائع کی رپورٹ کے تحت بدھ کو بجلی کا شارٹ فال 7800میگاواٹ تھا‘ کنوینیئر کمیٹی نے کہا کہ بجلی کے شارٹ فال پر سینیٹ کے اجلاس سے واک آؤٹ بھی کیا گیا ہے۔ بجلی پیداواری کمپنیوں کے زیر استعمال تیل لاہور میں کھلے عام فروخت کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گردشی قرضے کی ادائیگی کی بیلنس شیٹ دکھائی جائے۔ ملک و قوم کے ساتھ کھلواڑ کا خمیازہ عوام اور صنعت کار بھگت رہے ہیں۔ بجلی کی پیداواری کمپنیوں نے جو معاہدہ کیا اس پر عمل نہیں کیا گیا۔ کمیٹی میں معاہدے کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت پر تحریری جواب نہیں دیا گیا۔